سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی ہے، جو کہہ دیا سو کہہ دیا، ریٹائرمنٹ کے معاملے پر کوئی یوٹرن نہیں لوں گا۔ وہ ہفتے کو کراچی جیم خانہ میں اخبارنویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو ارادہ بدل دیں۔ ریٹائرمنٹ پر یوٹرن نہیں لوں گا۔ منگل کو ہمپشائر کاؤنٹی کے لئے کھیلنے انگلینڈ جا رہا ہوں اس کے بعد سری لنکا لیگ ہے۔ اگلے چند ماہ مصروف ہوں چونکہ انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ چکا ہوں اس لئے فی الحال یہ فیصلہ تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں میں مشکل دور سے گزرا ہوں جس کی وجہ سے میری توجہ کرکٹ سے ہٹ گئی۔ کوشش کروں گا کہ انگلینڈ جا کر ایڈجسٹ کر سکوں۔ پہلے میچ کے بعد بڑا گیپ ہے کوشش کروں گا کہ کرکٹ سے جو توجہ ہٹی ہے اس پر دوبارہ توجہ دوں اور ٹیم کی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھاؤں۔ تنازع کی وجہ سے کرکٹ سے دور ہو گیا تھا۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی نے45 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا کم یا زیادہ جرمانے کے بارے میں نہیں کہہ سکتا۔ ڈسپلنری کمیٹی نے جو جرمانہ لگایا ہے اسے تسلیم کرتا ہوں، مشکل کی اس گھڑی میں میرے پرستاروں نے بھرپور ساتھ دیا ہے۔ میں اپنے پرستاروں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو مشکل میں میرے ساتھ کھڑے ہو گئے۔ میں اپنے مداحوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ آج جس مقام پر ہوں اس میں پرستاروں کا کردار بھی اہم ہے۔ مجھے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ہزاروں ٹیلیفون موصول ہوئے۔آج بھی جہاں جاتا ہوں لوگ مجھے سپورٹ کر رہے ہیں۔
Comments
Post a Comment