کولمبو: 4 ملکی ٹورنامنٹ، قومی ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلا میچ جیت لیا

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نےٹی ٹونٹی ایونٹ جیتنے کے بعد چار ملکی ٹورنامنٹ میں بھی شاندار آغاز کیا ہے، پہلے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان سری لنکا کو دو وکٹ سے زیر کر لیا ۔
پی سارا اوول میں کھیلا گیا چار ملکی سیریز کا افتتاحی میچ بارش کی وجہ سے ستائیس ستائیس اوور تک محدود کیا گیا۔ جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی باؤلرز نے حریف لنکن بیٹس ویمنز کو جم کر نہ کھیلنے دیا۔ اور پوری میزبان ٹیم چوبیس اعشاریہ دو اوور میں اڑسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ۔ قانیطہ جلیل اور کپتان ثنا میر نے 2،2 وکٹیں گرائیں۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنر جویریہ خان تو کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئیں لیکن ندا ڈار نے سولہ رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کپتان ثنا میر تو صرف ایک رن کا اضافہ کر سکیں لیکن بسمہ معروف بائیس رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔ اس طرح پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آٹھ وکٹ پر پورا کر لیا۔

Comments