تیسری جونیئر سپر ہاکی لیگ آج سے لاہور میں شروع ہوگی

تیسری جونیئر پی ایچ ایف سپر ہاکی لیگ بدھ سے نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم لاہور میں شروع ہورہی ہے۔ فاتح ٹیم کو چھ لاکھ روپے انعام دیا جائے گا ۔18سال سے زائد عمر کھلاڑی شامل کرنے والی ٹیم پر آفیشلز سمیت ایک سال کی پابندی عائد کردی جائے گی۔ پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر رانا مجاہد اور اولمپئن خالد بشیر کے ہمراہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 8 مئی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ، کراچی، ملتان اور پی ایچ ایف اکیڈمی کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا جون میں ہونے والے جونیئر ایشیاء کپ کیلئے انتخاب کیا جائے گا جن کا تربیتی کیمپ 12 مئی سے کراچی میں شروع ہوگا جبکہ حتمی ٹیم کا اعلان 25 اپریل کو دو روزہ ٹرائلز کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپر ہاکی لیگ میں مجموعی طور پر پندرہ لاکھ روپے کے انعامات دئیے جائیں گے، ہم نے قاسم ضیاء کی سربراہی میں پاکستان ہاکی کیلئے جو اہداف مقرر کئے تھے جونیئر سپر ہاکی لیگ ان کے حصول میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اب تک ہونے والے دو ٹورنامنٹس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کی اسکروٹنی کیلئے چودھری ارشد، خالد بشیر اور رانا مجاہد پر مشتمل تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جس کی رپورٹ پر مزید ایکشن لیا جائے گا ۔ رانا مجاہد نے کہا کہ سپر لیگ کا مقصد جونیئر ورلڈ کپ کیلئے مضبوط ٹیم کی تشکیل اور سینئر ٹیم کا بیک اپ تیار کرنا ہے ۔

Comments