سری لنکن کرکٹ ٹیم پر میچ فکسنگ کے الزاما ت

میچ فکسنگ کے بھوت نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس مرتبہ نشانہ بنی ہے سری لنکن کرکٹ ٹیم ۔ سری لنکا کے سابق کپتان ہشان تلکارتنے کا کہنا ہے کہ سابق ورلڈ چیمپئن ٹیم گزشتہ بیس برس سے میچ فکسنگ میں ملوث ہے۔ایک سری لنکن اخبار کے مطابق، حشان تلکارتنے نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ سری لنکا میں میچ فکسنگ کوئی نئی بات نہیں،1992 سے ہی سری لنکن کرکٹرز میچ فکسنگ میں ملوث ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب بھی میچ فکسنگ کے حوالے سے معاملہ اٹھایا گیا تو یا تو کرپٹ افراد کو رشوت دے کر خاموش کرادیا گیا یا پھر ڈرا ڈھمکا کر زبان بند رکھنے پر مجبور کیا گیا۔ ہشان تلکارتنے نے کہا کرکٹ شائقین معصوم ہیں اور انہیں معلوم نہیں کہ کس طرح فکسنگ کا کام چل رہا ہے ۔ سابق کپتان نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ فائنل کو بھی مشکوک قرار دیا اور کہا کہ اہم ترین میچ سے قبل ٹیم میں چار تبدیلیاں سمجھ سے بالاتر ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بہت جلد میچ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کو نے نقاب کریں گے۔

Comments