ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں2-0 کی برتری حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم دس دن سینٹ لوشیا میں گزارنے کے بعد منگل کو بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن پہنچ گئی جہاں جمعرات کو تیسرا اور منگل2 مئی کو چوتھا میچ کھیلا جائے گا۔ گروس آئی لیٹ، سینٹ لوشیا میں شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستان نے پہلا ون ڈے8 وکٹ اور دوسرا 7 وکٹ سے جیتا۔ منگل کو برج ٹاؤن میں کھلاڑیوں نے مکمل آرام کیا۔ بدھ کو پاکستان ٹیم کا پریکٹس سیشن ہوگا۔ کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم سیریز میں کلین سوئپ کرنا چاہتی ہے۔ اوپنرز کی دونوں میچوں میں کارکردگی خاص طور پر احمد شہزاد کی سنچری پاکستان ٹیم کے لیے نیک شگون ہے۔ ٹیم میٹنگ میں جو پلان تیارکیا گیا تھا، کھلاڑیوں نے اس پر بھرپور عمل کیا۔ بولروں نے ہمیشہ کی طرح اچھی بولنگ کی۔ فیلڈنگ میں بھی بہتری دکھائی دی ہے۔ ایک اور اچھی بات یہ ہے کہ بیٹسمین ذمہ داری لے رہے ہیں۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ ورلڈ کپ کے بعد احمد شہزاد کو ڈراپ کرنے کی باتیں ہو رہی تھیں اس نے اپنی صلاحیتیں منوا لیں۔ نیوزی لینڈ کے بعد یہاں بھی احمد شہزاد نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں کامیابی کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں مسلسل فتوحات کا سلسلہ 7 کامیابیوں تک دراز کردیا ہے۔ کیریبین سائیڈ 2008ء سے اب تک پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 12 نومبر 2008ء کو میچ ہوا جس میں پاکستان نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے مابین 14 نومبر 2008ء کو کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 24 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔16 نومبر 2008ء کو شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 31 رنز سے ہرا دیا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 23 ستمبر 2009ء میں چوتھے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا 2011ء کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ہوا جس میں پاکستان نے دس وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران قومی کرکٹ ٹیم نے کالی آندھی کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 8 جبکہ دوسر ے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

Comments
Post a Comment