سینئر کھلاڑی کارکردگی دکھائیں:حنیف خان

پاکستانی ہاکی کے چیف سلیکٹر حنیف خان کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں پر یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ اگر وہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں مطلوبہ معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرتے تو ان کے لیے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔
حنیف خان کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے پانچ مئی سے اپوہ میں شروع ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں تین سینئر کھلاڑی شکیل عباسی، ریحان بٹ اور وسیم احمد بھی شامل ہیں۔
ان تینوں کو بھارت میں غیرمنظور شدہ ہاکی لیگ سے معاہدے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے تھے تاہم تسلی بخش جواب ملنے کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کر لیا گیا اور شکیل عباسی کو نائب کپتان بھی بنا دیا گیا۔
حنیف خان نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ سینئر کھلاڑی زیادہ عرصے تک اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھ سکیں گے اسی لیے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کی ٹیم میں بھی تین نئے کھلاڑی عرفان جونیئر، کاشف شاہ اور عمران جونیئر شامل کئے گئے ہیں۔
حنیف خان نے کہا کہ ’سینئر کھلاڑیوں کو سمجھایا گیا ہے کہ انہیں کارکردگی دکھانی ہوگی اور یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے ایک امتحان ہے اگر ان کی فارم اور فٹنس برقرار رہتی ہے تو انہیں ان کے کھیلتے رہنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن اگر وہ ایسا نہیں کر پاتے تو ان کے لیے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا بہت مشکل ہو جائے گا‘۔
حنیف خان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ٹیم اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نے قیادت کے لیے محمد عمران کو سہیل عباس اور دوسرے سینئر کھلاڑیوں پر ترجیح دینےکے بارے میں کہا کہ محمد عمران اس وقت نائب کپتان تھے اور قیادت کے لئے وہی موزوں تھے۔
پانچ مئی سے شروع ہونےو الے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، جنوبی کوریا اور ملائشیا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

Comments