اعجاز بٹ کی کرکٹ معاملات میں دلچسپی کم ہوگئی، توجہ کاروبار پر مرکوز

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کے تین سالہ عہدے کی میعاد اکتوبر میں ختم ہو رہی ہے۔ اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ مدت مکمل ہونے کے بعد وہ عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے اور اپنی توجہ کاروبار پر مرکوز کر دیں گے۔ ذرائع کے مطابق اعجاز بٹ ان دنوں پی سی بی کے معاملات میں زیادہ دلچسپی لینے سے گریز کر رہے ہیں۔ آج کل وہ نجی کاروباری دورے پر چین میں ہیں۔ پی سی بی میں وہ معمول کے کاموں کے علاوہ طویل المیعاد پالیسیاں بنانے سے گریز کر رہے ہیں۔ اعجاز بٹ کے قریبی ذرائع کے مطابق تین سال مکمل ہونے کے بعد وہ مزید کام کرنے کو تیار نہیں ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ گرتی ہوئی صحت کے باعث انہیں دوستوں اور عزیزوں نے مشورہ دیا ہے کہ وہ بورڈ کے معاملات سے دور رہ کر آرام کریں، یہی وجہ ہے کہ اعجاز بٹ میڈیا سے بھی دور ہیں۔

Comments