اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ، قومی ٹیم کا اعلان آج ہوگا

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان  آج اسلام آباد میں ہونے والے حتمی ٹرائلز کے بعد کیا جائے گا۔ قومی ٹیم کے تین سینئر کھلاڑیوں ریحان بٹ، شکیل عباسی اور محمد وسیم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھارت میں ہونے والی انڈین ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے جس کے بعد ان کے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا۔ ذیشان اشرف جن کی قیادت میں پاکستان نے ایشین گیمز ٹائٹل حاصل کیا تھا انہوں نے جونیئر کھلاڑیوں کے لیے جگہ خالی کرتے ہوئے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تاہم انہوں نے باغی انڈین ہاکی لیگ سے معاہدہ کر لیا ہے جس کی وجہ سے امکان ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ان کے ساتھ نہ صرف سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دے گا بلکہ انہیں ایک سالہ پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس بات کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں کہ فل بیک سہیل عباس کو قیادت دے دی جائے تاہم فیڈریشن کے ایک عہدیدار محمد عمران کو کپتانی دینے کا اشارہ دے رہے ہیں۔ قیادت کی دوڑ میں ریحان بٹ بھی تیسرے امیدوار کی حیثیت سے سامنے آئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کے ارکان ٹرائلز کے بعد حتمی ٹیم پی ایچ ایف کے حوالے کر دیں گے جو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرے گی۔ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے یکم مئی کو ملائیشیا روانہ ہوگی۔ اس ایونٹ میں سنگل لیگ کی بنیاد پر اسے آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، کوریا، ملائیشیا اور انگلینڈ کے ساتھ قسمت آزماناہوگی۔

Comments