چین کی ہاکی ٹیم اس سال ستمبر میں پاکستان کے دورے پر رضامند ہو گئی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کے مطابق مہمان ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کے شیڈول کو اگلے ماہ حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پی ایچ ایف کے حکام بعض دوسرے ایشیائی ملکوں کی فیڈریشن کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ پاکستان میں ہاکی کے عالمی مقابلوں کی بحالی ہو سکے۔ اس سلسلے میں مصر کے حکام نے بھی مثبت جواب دیا۔ پاکستان کی ٹیم کو اس سال کے اوائل میں مصر کا دورہ کرنا تھا تاہم وہاں سیاسی حالات کی خرابی کے باعث یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا۔ اب ہم نے مصری ہاکی ٹیم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔ ان کی جانب سے جواب کا انتظار ہے تاہم اگست اور ستمبر میں اس ٹیم کا دورہ بھی متوقع ہے۔ بھارتی حکام نے پہلے مرحلے میں اگست میں پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی ہے لیکن رمضان المبارک کی وجہ سے سیریز کا انعقاد مشکل نظر آ رہا ہے تاہم اگر بھارتی حکام اسی ماہ میں ٹیم کو بھیجنے پر تیار ہوئے تو یہ دورہ اگست میں ہو سکتا ہے۔ دوسری صورت میں اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی جس کے لیے کراچی، لاہور اور فیصل آباد کو میچوں کے میزبان کے طور پر رکھا گیا ہے۔ آصف باجوہ نے کہاکہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان28 اپریل کو کیا جائے گا۔ جن سینئر کھلاڑیوں نے باغی انڈین لیگ کے ساتھ معاہدے کیے ہیں، اگر انہوں نے اپنے معاہدے ختم نہ کیے تو ان پر پابندی لگ سکتی ہے اور انہیں سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ایچ ایف نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
Comments
Post a Comment