گیل نے قومی ٹیم کو ٹھکراکر غلط روایت قائم کی، ہولڈنگ

سابق عظیم ویسٹ انڈین فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کرس گیل نے قومی ٹیم کو ٹھکراکر ، انڈین پریمیئر لیگ کو اہمیت دے کر غلط روایت قائم کی ہے۔ منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کے لئے قومی ٹیم کے لئے کھیلنا اعزاز کی بات ہے لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ کرس گیل جیسے کھلاڑی قومی ٹیم کو ٹھکراکر پیسے کی خاطر آئی پی ایل کھیل رہے ہیں۔ مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ اس وقت ویسٹ انڈین کرکٹ برے دور سے گزر رہی ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز کو قومی ٹیم میں جگہ مل رہی ہے۔ ماضی میں ڈومیسٹک سیزن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو نظرانداز کیا جاتا تھا۔ مائیکل ہولڈنگ نے احمد شہزاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان کرکٹر میں بلا کا ٹیلنٹ ہے۔ محض 15 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل کر دو سنچریاں اسکور کرنا اس کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دوسری جانب کرس گیل کا موقف ہے کہ آئی پی ایل کی بجائے پاکستان کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی پہلی ترجیح تھی۔ آئی پی ایل نیلامی میں کسی کی جانب سے بولی نہ دیئے جانے کے بعد لیگ کا خیال دل سے نکال دیا تھا، اگر ڈراپ نہ کیا جاتا تو میں پاکستان کے خلاف سیریز میں مصروف ہوتا۔ ادھر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایرنیٹ ہیلیئر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچز سے ڈراپ کرنے سے قبل ہم نے کرس گیل کو ٹیم میں شامل کرنے کی بہت کوشش کی لیکن انہوں نے اپنی عدم دستیابی ظاہر کردی تھی ایسے میں بورڈ کے پاس انہیں ڈراپ کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

Comments