اب نوجوانوں کو موقع دینگے، آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی کامیابی پر خوش ہیں لیکن بیٹسمینوں سے مزید بہتر کارکردگی کی امید کرتے ہیں۔ سیریز 3-0 سے اپنے نام کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ بقیہ میچوں کو آسان لیں گے، بلکہ بقیہ دو میچ بھی جیت کر کلین سوئپ کریں گے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی یہ مسلسل آٹھویں فتح ہے۔ آفریدی نے کہا ٹیم اب بھی چند مسائل کی زد میں ہے جنھیں حل کرنا ضروری ہے۔ تیسرے ون ڈے میں فتح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے ازراہ مذاق کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ٹیم میٹنگ میں ہمیں سیریز جیتنے کے باوجود کوچ اور مینجمنٹ سے ڈانٹ ضرور پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں کھلاڑیوں نے جس طرح پرفام کیا وہ ٹیم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹسمینوں کو زیادہ وقت وکٹ پر قیام کرنے کی عادت اپنانا ہوگی خاص طورپر مڈل آرڈر بیٹسمینوں کو وکٹ پر ٹھہرنے کا فن سیکھنا ہوگا۔ آفریدی نے کہا کہ تمام کھلاڑی جانتے ہیں کہ سیریز کے دوران ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں البتہ ہمارا پہلا ہدف سیریز جیتنا تھا جو حاصل ہوچکا ہے، بقیہ میچز میں میری کوشش ہوگی کہ نئے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ موقع دوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز میں ٹیم کے تمام پلےئرز نے عمدہ پرفارم کیا ہے اور کامیابی کا کریڈ ٹ تمام کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی سلیکٹرز نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے سینئر پلےئرز کو آرام دے کر نوجوان کرکٹرز کو موقع دیا تھا جن میں سے 3 نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ڈیبیو کیا ہے جن میں حماد اعظم ، جنید خان اور وکٹ کیپر محمد سلمان شامل ہیں جبکہ عثمان صلاح الدین ، صدف حسین نے اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا ۔دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سامی نے شکست کی وجہ ناقص بیٹنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت تمام بیٹسمینوں کو ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا ، لیگ اسپنر دویندربشو نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کی ۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ میچز جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں البتہ تجربہ کم ہے۔ قبل ازیں تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹ سے شکست دی۔ مصباح الحق نے ناقابل شکست 62 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ مصباح الحق ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں ون ڈے میچز میں ناقابل شکست رہے۔ ویسٹ انڈیز کے 171 کے جواب میں پاکستان نے ہدف 29 گیندوں قبل ہی پورا کرلیا۔ پاکستان کی ابتدائی 3 وکٹیں فاسٹ بولر روی رامپال کی تباہ کن بولنگ کے سامنے صرف 12رنز پر گر گئی تھیں۔ حفیظ 5 جبکہ احمد شہزاد اور اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے رامپال کا شکار بنے۔ اس کے بعد نائب کپتان مصباح الحق نے کمان سنبھالی۔ عمر اکمل نے 30 جبکہ حماد اعظم نے36 رنز بناکر مصباح کا ساتھ دیا۔ آفریدی 11 اور محمد سلمان 3 رنز بناکر بشو کا شکار بنے۔ وہاب ریاض17رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ روی رامپال نے 4 جبکہ رویندرا بشو نے 3وکٹ لیں۔ سیریز کا چوتھا میچ 2 مئی کو برج ٹاوٴن بارباڈوس میں ہی کھیلا جائے گا۔

Comments