پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ آسان مقابلہ نہیں، وہ اسے ایشین گیمز سے زیادہ مشکل ایونٹ تصور کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کی موجودگی میں ہمیں کارکردگی کے ساتھ ساتھ فٹنس میں بھی مہارت کا ثبوت دینا ہوگا، اس مرتبہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی جیسا ہے جس میں سنگل لیگ پر ہر ٹیم سے کھیلنا ہوگا، کھلاڑیوں کو معلوم ہے کہ اس قسم کے ایونٹ میں ہر میچ فائنل ہوتا ہے، معمولی غفلت اور غلطی کا خمیازہ خطرناک ثابت ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ دسمبر میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا ریہرسل ایونٹ ہے اس مقابلہ سے ہمیں چیمپئنز ٹرافی کی تیاری میں بھی مدد ملے گی اور حکمت عملی تیار کرنے میں یہ ایونٹ سود مند ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑی ٹیم کا اثاثہ ہیں اور ان کی کارکردگی نے ایشین گیمز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، یہ کھلاڑی اب بھی بہتر پرفارمنس دکھانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ان کی پہلی ترجیح بھارت کے خلاف ناکامی کے سلسلے کو روکنا ہے ہم پانچ ماہ بعد انٹرنیشنل ایونٹ کھیل رہے ہیں جس کے لیے کیمپ میں چیف کوچ میشنل وین ڈین او دیگر کوچز نے بھرپور ٹریننگ کرائی ہے۔ ہاکی کے مقابلے اب برق رفتار ہوگئے ہیں اس لیے کوئی بھی ٹیم جیت کے لیے پیشگی دعویٰ نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس میں کوریا کی ٹیم بہت زیادہ مضبوط نظر آتی ہے، ملائیشیا کو اپنے ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹج ہوگا، تاہم پاکستانی ٹیم کو آسان تصور کرنا کسی بھی ٹیم کے لیے ممکن نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ پنالٹی کارنر میں سہل عباس ہمارا اہم اور موٴثر ہتھیار ثابت ہوگا۔ ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے اتوار کو کراچی سے کوالالمپور اور وہاں سے اپوہ روانہ ہوگی۔
Comments
Post a Comment