انگلش کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان الیسٹر کک نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے مصروف شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر بورڈ نے انتہائی مصروف شیڈول میں تبدیلی نہیں کی تو تمام کرکٹرز ہڑتال کرسکتے ہیں۔ الیسٹر کک نے کہا کہ وہ کھلاڑی جو انگلینڈ کی ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں ٹیموں کا حصہ ہیں، انہوں نے گزشتہ سال نومبر میں ایشز سیریز سے لے کر ورلڈکپ کوارٹر فائنل کے دوران صرف تین دن اپنے گھر پر گزارے تھے، جو کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ ازخود ہی اس مسئلے کا حل نکال لے، ہم کھلاڑیوں کے پاس اتنے اختیارات نہیں لہٰذا ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ اور کوئی راستہ باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں 16سال کا تھا تب سے یہ مطالبہ کررہا ہوں، اب میری عمر 26سال ہے لیکن اب تک یہ معاملہ حل نہیں ہوسکا ہے۔کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ بہت زیادہ کرکٹ کم کرنے کیلئے مناسب شیڈول ترتیب دے۔انگلش اسٹار کاکہناتھاکہ کرکٹرز مناسب شیڈول کی وجہ سے کرکٹ کھیل کر لطف اندوز ہوسکتے ہیں جبکہ مسلسل اور بہت زیادہ کرکٹ ان کے لیے ذہنی اور جسمانی لحاظ سے بھی نقصان دہ ہے۔ ان کاکہناتھاکہ انگلش پلےئرز نے ورلڈ کپ سے قبل 5ماہ مسلسل کرکٹ کھیلی ہے جس کی وجہ سے وہ میگا ایونٹ کے دوران تھکاوٹ کا شکار ہوگئے تھے۔ ان کاکہناتھاکہ بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے اسٹیورٹ براڈ اور کیون پیٹرسن انجرڈ ہوگئے اور ہمیں کوارٹر فائنل میں شکست ہوئی۔

Comments
Post a Comment