اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 18/رکنی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، پی ایچ ایف نے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے محمد عمران کو ٹیم کی قیادت دی ہے جبکہ شکیل عباسی ان کے نائب ہوں گے۔ اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں دو روزہ حتمی ٹرائلز کے بعد چیف سلیکٹر حنیف خان نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر قاسم ضیاء، سیکرٹری آصف باجوہ اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان خالد بشیر اور ارشد چوہدری بھی موجود تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا موقف ہے کہ انہوں نے قومی ہاکی ٹیم کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے محمد عمران کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ تجربے کار کھلاڑیوں سہیل عباس کو کپتانی نہ دینے کے سوال پر پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی پر بہت زیادہ انحصار کرنا ہوگا اس لئے انہیں قیاد ت دے کر دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا تھا۔ چیف سلیکٹر حنیف خان نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کو بھرپور موقع دیا گیا ہے ۔ فٹنس اور کارکردگی کو سامنے رکھ کر سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل مضبوط ٹیم تشکیل دی ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے تین نئے کھلاڑیوں رضوان جونیئر (ہاف بیک)، کاشف شاہ (فل بیک) اور ایم عمران (فارورڈ، لیفٹ ان) کوموقع دیا ہے دیگر کھلاڑیوں میں عمران شاہ (گول کیپر) کے علاوہ سہیل عباس، ریحان بٹ، وقاص اکبر، رضوان سینئر، ایم زبیر، حسیم خان، عمر بھٹہ، وسیم احمد، محمد راشد، فرید احمد، محمد توثیق، وقاص شریف شامل ہیں۔ پاکستان نے 1987ء اور 1991ء میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ ٹیم افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گی جبکہ 11/مئی کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گی۔ کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ ایشین گیمز کے مقابلے میں زیادہ سخت ثابت ہوگا۔ مجھے سینئر کھلاڑیوں سے بہت زیادہ توقعات ہیں امید ہے ٹیم قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم آفیشلز کے ناموں کا بھی اعلان کیا جس کے مطابق مشیل وین ڈین کوچ، خواجہ جنید منیجر، شاہد علی خان، اجمل لودھی(معاون کوچز) ڈاکٹر فیض الرحمان فزیو اور ندیم خان لودھی(وڈیو انالسٹ) ہوں گے۔
Comments
Post a Comment