پاکستان میں جاری دہشت گردی کے باعث اگلے ایک سال تک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ناممکن دکھائی دے رہی ہے۔ تازہ پیش رفت کے مطابق حکومت پاکستان نے انڈین پنجاب کی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی این او سی جاری نہیں کی ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں ہے۔ اب یہ سیریزبھی متحدہ عرب امارات میں ہونے کا امکان ہے۔ اس سال جون میں پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ پی سی بی چیئرمین اعجاز بٹ نے ڈیڑھ ماہ قبل تصدیق کی تھی کہ پنجاب کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ بھارتی اور پاکستانی پنجاب کے درمیان دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کرانے کی تجویز تھی۔ پی سی بی کے حددرجہ مصدقہ ذرائع کے مطابق انڈین پنجاب کی ٹیم کے دورہٴ پاکستان کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزارت خارجہ سے این او سی مانگی تھی وزارت خارجہ کو اس دورے کے حوالے سے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن سے بھی منفی رپورٹ ملی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملک میں جاری دہشت گردی کی وارداتوں کی وجہ سے وزارت خارجہ نے پی سی بی کو ابھی تک این او سی جاری نہیں کی ہے۔ اس اب یہ دورہ ہونے کا امکان تقریباً ختم ہوگیا ہے دوسری جانب کرکٹ سری لنکا کے صدر سوما چندرا ڈی سلوا نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجیں گے۔ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کی ٹیم موجودہ حالات میں پاکستان آنے کو تیار نہیں ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اب تین ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹر نیشنل میچوں کی یہ سیریز نیوٹرل وینیو دبئی اور ابوظبی میں ہوگی۔ ویسٹ انڈیزکے دورے کے بعد پاکستان ٹیم آئرلینڈ اور زمبابوے میں ون ڈے سیریزکھیلے گی۔ سری لنکا کیخلاف سیریزکے بعد پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ آئندہ سال کے آغاز میں جنوری، فروری میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فل سیریز بھی متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔ اس دوران بھارت کے خلاف سیریزکا کوئی امکان نہیں ہے۔ پی سی بی میں یہ تجویز زور پکڑ رہی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان آنے سے انکارکرتی ہے تو پاکستان، بھارت کے خلاف سیریز بھارت میں کھیلنے کو تیار ہے۔ 28 مئی کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریزکے حوالے سے بات چیت کا باضابطہ آغازہوگا۔
Comments
Post a Comment