پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ کوکرپشن سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو دبئی سے اچانک چھوڑ کر لندن فرارہونے والے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر سیکورٹی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان پہنچ گئے ہیں، چند دن اسلام آباد میں قیام کے بعدآج لاہور میں اپنے گھر پہنچے جہاں ان کے اہل خانہ نے وکٹ کیپر کا پرتپاک استقبال کیا۔ گھر آمد کی خوشی میں اہل خانہ نے مٹھائی تقسیم کی۔ ذوالقرنین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیکورٹی فراہم کرنے پرحکومت ، رحمن ملک اورپولیس کے شکرگزارہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتے ہیں اوراس کے لئے انہوں نے اپنامستقبل بھی داؤپرلگادیا۔ امید ہے کہ اورلوگ بھی کرپشن کو بے نقاب کرنے کیلئے آگے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جولوگ میچ فکسنگ میں ملوث ہیں انہیں سخت سزا ملنی چاہیے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ میچ فکسنگ میں ملوث کسی کا نام نہیں لیں گے کیونکہ اس سے ان کی فیملی کوخطرہ ہوسکتا ہے۔ذوالقرنین حیدرنے کہا کہ پاکستان ٹیم کوجب بھی ان کی ضرورت ہوئی وہ کھیلنے کے لئے تیارہیں۔
Comments
Post a Comment