پاکستانی کھلاڑی ذاتی خرچ پر ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کرینگے

پاکستان کے تین مرد اور دو خواتین کھلاڑی ذاتی خرچ پر اگلے ماہ روٹرڈیم (ہالینڈ) میں ہونے والی عالمی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے انفرادی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ریاض احمد نے بتایا ہے کہ علی فیصل، عاصم قریشی، یاسر اقبال بھٹی کے علاوہ شبنم بلال اور عائشہ اقبال نے ہالینڈ کے ویزا حاصل کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے ان کھلاڑیوں کو عالمی مقابلے میں شرکت کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے۔مقابلے8 سے15 مئی تک کھیلے جائیں گے۔ دریں اثناء فیڈریشن کے صدر ریاض احمد عالمی فیڈریشن کے جنرل کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے انہوں نے کہا کہ وزارت کھیل اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس سلسلے میں کوئی تعاون نہیں کیا۔

Comments