پاکستان کی بلیئرڈ اینڈ سنوکر ٹیم 24 سے 28 جون تک دبئی میں ہونے والے انٹرنیشنل سنوکر ٹیم ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکرٹری منور حسین شیخ کے مطابق پاکستان کے شاہد آفتاب اور محمد سجاد اس ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ ورلڈ کپ ٹیم مقابلے کی تیاری میں مددگار ثابت ہو گا۔ دبئی کے مقابلے میں افغانستان، بھارت، تھائی لینڈ، ملائیشیا، چین، سنگاپور، ہانگ کانگ، شام، سعودی عرب، بحرین اور قطر کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔ منور شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن نے دونوں کھلاڑیوں کی دبئی کے ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستان سپورٹس بورڈ اور وزارت کھیل کو این او سی جاری کرنے اور مالی معاونت کے لئے درخواست دے دی ہے۔ دبئی کے مقابلے میں فاتح ٹیم کو 5 ہزار ڈالرز رنرز اپ کو ڈھائی ہزار ڈالرز سیمی فائنلسٹ کو 15 سو ڈالر اور ہائیسٹ بریک لگانے والے کھلاڑی کو 500 ڈالرز دیئے جائیں گے۔
Comments
Post a Comment