ماہرین اور مبصرین کے ذہنوں سے انڈین پریمیئر لیگ کا خمار تیزی سے اترنے لگا ہے۔ لوگوں نے اب لیگ پر کھل کر تنقید کرنا شروع کردی ہے۔ سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل نے عالمی کرکٹ میں انتشار پھیلا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ حقیقی طور پر عالمی کرکٹ کو آئی سی سی نہیں کوئی اور کنٹرول کرتا ہے، آئی سی سی حکام بھارت اور آئی پی ایل سے خائف رہتے ہیں۔ بھارتی اخبار کو انٹرویو میں ہولڈنگ نے کہا کہ آئی پی ایل سال کے اس حصے میں منعقد ہوتی ہے جب صرف بھارتی کرکٹ ٹیم ہی فارغ ہوتی ہے، دنیا کے دیگر ممالک انٹرنیشنل میچز میں مصروف ہوتے ہیں۔ ایسا کبھی نہیں ہوگا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا انٹرنیشنل شیڈول آئی پی ایل سے متصادم ہو۔ صرف دیگر ممالک کے کھلاڑی ہی اس دوران مشکل میں پڑتے ہیں کہ وہ آئی پی ایل میں حصہ لیں یا اپنے ملک کی نمائندگی کریں ۔ بین الاقوامی کرکٹ کے کرتا دھرتا اس معاملے میں لب کشائی کبھی نہیں کریں گے کیونکہ وہ بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل حکام کو ناراض کرنا نہیں چاہتے۔ اس سوال پر کہ کیا آئی سی سی آفیشل بھار تی کرکٹ بورڈ سے خائف ہے ہولڈنگ نے کہا کہ میں یہ نہیں جانتا لیکن اتنا معلوم ہے کہ فیفا کے برعکس آئی سی سی کرکٹ کے کئی معاملات پر بے بس ہے۔ سب جانتے ہیں کہ جب فیفا اپنے قواعد کے تحت فٹ بال کا کوئی ایونٹ منعقد کرانا چاہتی ہے تو ہر ملک کو اس کے اصولوں اور احکامات کو ماننا پڑتا ہے لیکن آئی سی سی ہمیشہ ہی بھارت کے حکم کو تسلیم کرنے پر مجبور نظر آتی ہے۔ آئی سی سی والے بے اختیار ہیں، اگر وہ کوئی پالیسی تک نافذ کرنے کے اہل نہیں اور کرکٹ کو چلا نہیں سکتے تو ان کا فائدہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار بورڈ حکام کے ساتھ کھلاڑی بھی ہیں۔
Comments
Post a Comment