پاکستان کرکٹ بورڈ کے نے بتایا کہ آفریدی نے اپنے اس فیصلے کی وجہ اپنے والد کی علالت بتائی ہے جو اس وقت امریکہ میں زیرعلاج ہیں اور آفریدی بھی ان دنوں وہیں ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آئرلینڈ کے خلاف بلفاسٹ میں اٹھائیس اور تیس مئی کو دو ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والی ہے۔
شاہد آفریدی کے آئرلینڈ کے خلاف نہ کھیلنے کے فیصلے کو کرکٹ کے حلقے انہیں کپتانی سے ہٹائے جانے کے ردعمل کے طور پردیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آفریدی کو ہٹاکر مصباح الحق کو آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے کپتان مقرر کرچکا ہے جبکہ آفریدی عام کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کئے گئے تھے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران شاہد آفریدی کے کوچ وقاریونس کے ساتھ ٹیم سلیکشن پر اختلافات شدت اختیار کرگئے تھے۔ وطن واپسی پر شاہد آفریدی نے کسی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ہر شخص کو اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے اور کسی دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کے اس بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس دیا تھا اور کہا تھا کہ اس بارے میں مزید کارروائی ٹیم کے وطن واپس آنے کے بعد منیجر انتخاب عالم کی رپورٹ کی روشنی میں کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ شاہد آفریدی کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کی ٹیم میں شمولیت کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
Comments
Post a Comment