پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے اعتراف کیا ہے کہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ چھ سے آٹھ ماہ کے دوران شاندار طریقے سے قومی ٹیم کی قیادت کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وقار یونس نے کہا کہ مجھے کسی کپتان کے ساتھ کام کرنے میں مسئلہ نہیں۔آفریدی سے اختلافات کی خبریں درست نہیں،شاہد آفریدی کی تبدیلی بورڈ کا فیصلہ ہے میرا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ سوال بورڈ حکام سے پوچھا جائے کہ آفریدی کو قیادت سے کیوں ہٹایا گیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ آئرلینڈ کمزور حریف نہیں، ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کی کوشش کریں گے، پاکستان کے حالات پر افسوس ہے لیکن مستقبل سے مایوس نہیں، ملک میں کھیلوں کے مقابلوں کی جلد بحالی کیلئے پُرامید ہیں، مصباح الحق کی کپتانی متاثر کن ہے، کپتان کی تبدیلی سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ جمعرات کو غیر ملکی میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وقار یونس نے کہاکہ آئرش ٹیم کی ورلڈکپ کے دوران کارکردگی متاثر کن رہی، آئرلینڈ آسان حریف نہیں تاہم ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم بھرپور فارم میں ہے اور میری خواہش ہے کہ ٹیم کو عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر لاؤں۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نہ ہونا ٹیم کی رینکنگ بہتر بنانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ملک سے باہر کرکٹ کھیلنا آسان نہیں ہوتا، کھلاڑیوں کو مختلف ممالک کی وکٹ اور کنڈیشنز کا اندازہ نہیں ہوتا۔ پاکستان میں امن و امان کی خراب صورتحال اور دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے حالات پر افسوس ہے تاہم مستقبل سے مایوس نہیں ہوں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے چار مختلف ممالک میں سیریز کھیلی۔ پاکستانی ٹیم کا دورہ ویسٹ انڈیز کامیاب رہا جس میں ہم نے ون ڈے سیریز جیتی جبکہ ٹیسٹ سیریز برابر رہی تاہم ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز میں شکست نہ دے سکے جس کا افسوس ہے۔گیانا ٹیسٹ ہارنے کے بعد مصباح الحق نے کم بیک کرتے ہوئے درست انداز میں ٹیم کی قیادت کی اور ٹیسٹ سیریز برابر کردی ، مصباح الحق کی قیادت متاثر کن ہے۔
Comments
Post a Comment