ہسپانوی گراں پری: فیٹل کی ایک اور جیت

فارمولا ون کار ریسنگ کے سلسلے میں آج رواں سال کی پانچویں ریس یورپی ملک ہسپانیہ کے شہر بارسیلونا میں مکمل ہو گئی۔ اس میں کامیابی سباستیان فیٹل کے حصے میں آئی۔ہسپانوی شہر بارسیلونا کے کاتالونیا سرکٹ پر فارمولا ون کار ریس کے رواں سیزن کی پانچویں ریس اتوار کے روز مکمل ہوئی۔ ہسپانوی گراں پری میں جیت کا سہرا جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کے سر پر سجا۔ریس کے شروع ہونے پر آلانسو اور ہملٹن کچھ دیر آگے رہے۔ خاص طور پر ہسپانوی ڈرائیورآلانسو نےکم از کم چودہ چکروں تک اپنی سبقت قائم رکھی۔ یہ برتری انہوں نے پہلے راؤنڈ میں حاصل کر لی تھی۔ ریس کا چودہواں چکر آلانسو نے انتہائی اسپیڈ کے ساتھ مکمل کیا ۔ پندرہویں لیپ کے شروع ہونے پران کے پاس چھ سیکنڈ کی سبقت تھی۔ مگر اس کے بعد ان کا حوصلہ جاتا رہا اور انجام کار سباستیان فیٹل نے ریس جیت لی۔ دوسری پوزیشن لوئیس ہملٹن اور تیسری جینسن بٹن کے حصے میں آئی۔ہسپانوی گراں پری کے آغاز سے قبل سباستیان فیٹل کی گاڑی کو مسائل نے آن گھیرا تھا۔ گاڑی کی بیٹریوں کو فوری طور پر تبدیل کیا گیا۔ اس باعث وہ اس ریس میں کامیابی کے بارے میں شروع سے ہی پرامید نہیں تھے۔ لیکن دوران ریس انہوں نے اپنی شاندار مہارت کا ثبوت دیا۔ یہ پروبلم دوران ریس بھی پیدا ہوئی لیکن فیٹل نے حوصلہ نہ ہارا۔کاتالونیا سرکٹ پر ہونے والے گراں پری مقابلے میں کل چوبیس ڈرائیور شریک تھے۔ سب سے آگے ریڈ بُل ٹیم کے آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر کھڑے تھے۔ دوسری پوزیشن پر دفاعی چیمپیئن سباستیان فیٹل موجود تھے۔ تیسری پر برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن، چوتھی پر ہسپانوی فرنانڈو آلانسو اور پانچویں پر برطانیہ کےجینسن بٹن موجود تھے۔ یہ پوزیشنیں ڈرائیوروں کو ہفتہ کے روز پول مقابلوں کے مکمل ہونے کے بعد دی گئی تھیں۔ مارک ویبر پول پوزیشن کا فائدہ نہیں اٹھا سکے تھے۔ جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل گزشتہ سال کے فارمولا ون کار ریسنگ کے چیمپیئن ہیں۔ رواں برس اب تک انہوں نے اپنے اعزاز کا شاندار دفاع کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ وہ بقیہ ڈرائیوروں پر ایک بڑی سبقت رکھتے ہیں۔ فیٹل کے کل پوائنٹس کی تعداد اب 118 ہو گئی ہے۔ ان کے قریب ترین حریف لوئیس ہملٹن ہیں جن کے پوائنٹس 77 ہیں۔کاتالونیا سرکٹ ایک چیلنجنگ ٹریک تصور کیا جاتا ہے۔ اس ٹریک کے ایک حصے پر ڈرائیوروں کو خاصی اسپیڈ کے ساتھ اپنی گاڑیاں چلانے کا موقع بھی ملتا ہے۔ گراں پری مکمل کرنے کے لیے ڈرائیوروں کو کل 66 چکر مکمل کرنے ہوتے ہیں۔ ٹریک کا ایک چکر ساڑھے چار کلو میٹر سے زائد کا ہے۔فارمولا ون کار ریسنگ میں اگلی ریس آئندہ اتوار کے روز مناکو میں ہو گی۔ مناکو گراں پری ریس کو فارمولا کار ریسنگ کا سب سے دلکش مقابلہ قرار دیا جاتا ہے۔ شہر کے بییچوں بیچ ہونے والی اس ریس کا ایک حسن اس کا گلیمرس ہونا بھی خیال کیا جاتا ہے۔ ریس دیکھنے کے لیے یورپی اشرافیہ کے مرد و زن زرق برق اور جدید تراش خراش کے ملبوسات میں شریک ہوتے ہیں۔

Comments