سیکورٹی کلیئرنس کے بغیر ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتے، سری لنکا

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام نے سکیورٹی کلیئرنس کے بغیر اپنی ٹیم کو پاکستان کے دورے پر بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سوما چندرا ڈی سلوا نے ایک سری لنکن اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کر رہی بلکہ ہم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیشکش کی ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز سری لنکا یا پھر نیوٹرل مقام پر کھیلی جا سکتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف اپنی ہوم سیریز سری لنکا کے بجائے پاکستان ہی میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور اس ضمن میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کوباقاعدہ درخواست بھی کی تھی کہ سری لنکا کی ٹیم اکتوبر نومبر میں تین ٹیسٹ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پاکستان میں کھیلے۔اتوار کو کراچی میں دہشت گردی کے تازہ ترین واقعے سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ سے کی گئی اس درخواست میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا تھا کہ پاکستان میں امن و امن کی بہتر ہوتی صورتحال میں سری لنکا کو سکیورٹی کی ہر ممکن یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔تاہم پی این ایس مہران کے تازہ ترین واقعے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف کمزور پڑگیا ہے۔نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نشانتھا رانا تنگا کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آئی سی سی کی ٹاسک ٹیم سری لنکا کو کلیئرنس نہیں دیتی دورے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔آئی سی سی نے پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا جائزہ لینے کے لیے دو سال قبل یہ ٹاسک ٹیم قائم کی تھی۔یاد رہے کہ دوسال قبل پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں اس وقت ختم ہوگئی تھیں جب لاہور ٹیسٹ کے دوران سری لنکن کرکٹ ٹیم دہشت گردی کا نشانہ بنی تھی جس میں اس کے چند کرکٹرز زخمی بھی ہوئے تھے۔

Comments