سری لنکا نے حکومت اور آئی سی سی کی کلیئرنس کے بغیر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ درخواست تین چار ماہ قبل ملی تھی۔ امکان ہے کہ اب یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔ سری لنکا کے کرکٹ حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملنے والی دعوت پر محتاط ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی کلیئرنس کے بغیر پاکستان کا دورہ ممکن نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اکتوبر میں سری لنکا کو تین ٹیسٹ، 5 ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ سری لنکا کرکٹ نے پیر کو کہاکہ وہ حکومت اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے سیکورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد پاکستان کی دعوت کو قبول کریں گے۔ پی سی بی نے کہا تھا کہ سری لنکا فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستان ٹیم بھیجے۔ سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری نشانتھا رانا ٹنگا نے کہا کہ ہم نے انہیں سری لنکا میں ٹورنامنٹ کرانے کی پیشکش کی ہے جہاں تک دورہ پاکستان کا تعلق ہے اس بارے میں حکومت کی کلیئرنس لازمی ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے اس ماہ کہا تھا کہ کوئی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کو تیار نہیں ہے۔ واضح رہے کہ2009ء کے بعد سے کسی غیرملکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ کراچی میں پی این ایس مہران پر دہشت گردی کی کارروائی کے بعد غیرملکی ٹیموں کا پاکستان آنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
Comments
Post a Comment