پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے قیادت سے شاہد آفریدی کو سبکدوش کرکے ایک نیا محاذکھول لیا ہے۔ تاہم پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ دعویٰ کرتے ہیں کہ ٹھوس وجوہ کی بناء پر قیادت میں تبدیلی عمل میں لائی گئی۔ وقت آنے پر وجوہات منظرعام پر لائیں گے، بلاوجہ تنازع کھڑا نہیں کیا گیا۔ کوچ وقار یونس کو تبدیل کرنے کی خبریں میڈیا میں آرہی ہیں ضرورت پڑی اور ڈسپلن کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے توکارروائی ہوسکتی ہے۔ اس وقت انہیں تبدیل کرنے کی تجویز زیرغور نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا کہ شاہد آفریدی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ بلاجواز تھا، واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے اختتام پر پی سی بی نے شاہد آفریدی کو ون ڈے کپتانی سے ہٹا کر مصباح الحق کوکپتان مقررکیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے ون ڈے سیریز جیتی۔ یہ دورہ نارمل انداز میں چل رہاتھا۔ اس وقت پاکستان ٹیم آئرلینڈ کا دورہ کررہی ہے، اس لیے میں کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈکی واضح پالیسی ہے کہ اگر کوئی ڈسپلن توڑے گا تو اس کے خلاف ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ پی سی بی کے پاس ٹیم انتظامیہ کی تحریری رپورٹ موجود ہے۔ ہمیں اندازہ تھا کہ شاہد آفریدی نے دو سیریز جیتی ہوئی ہیں۔ اس لیے ہم نے کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ فی الحال کپتان تبدیل کیا ہے۔ اس تبدیلی کی ٹھوس وجوہات موجود ہیں۔ قیادت کی تبدیلی کا فیصلہ تحریری رپورٹ کے بعدکیا گیا۔ دورے کے دوران مزیدکارروائی نہیں کی جاسکتی تھی۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ اس وقت ٹیم کا دورہ مکمل نہیں ہوا ہے۔ دورہ ختم ہونے پر تبدیلی کی وجوہات اور حقائق سے شائقین کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقار یونس کو تبدیل کرنے کے حوالے سے میڈیا قیاس آرائیاں کررہا ہے۔ قومی ٹیم وطن واپس آئے گی تو تفصیلات اور ٹور رپورٹ کو منظر عام پر لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو پی سی بی نے ڈسپلن توڑنے کے حوالے سے جو خط جاری کیا تھا۔ اس پر مزید کارروائی دورے کے بعد ہوگی۔ اس وقت میرا کوئی بیان نیا تنازع کھڑا کرسکتا ہے، اس لیے میڈیا چند دن انتظار کرے، تمام حقائق سامنے لائیں گے۔ ویسٹ انڈیز میں ون ڈے سیریز جیتنا اور ٹیسٹ سیریز برابرکرنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کوجاتا ہے۔ تاہم بعض غیرمتوقع بیانات اور فیصلوں کی وجہ سے ہمیں انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔
Comments
Post a Comment