بھارتی کرکٹ ٹیم کے سینئر و تجربہ کار فاسٹ بائولر ظہیر خان نے کہا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم میں اپنی جگہ پکی کریں، ممبئی میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر خان کا کہنا تھا کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیم نے پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے علاوہ ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلنا ہے اور یہ ایک طویل دورہ ہوگا لہٰذا نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا، اگر نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو مستقبل میں ان کی ٹیم میں جگہ پکی ہو جائے گی، یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے سینئر کھلاڑیوں سچن ٹنڈولکر، گوتھم گھمبیر، یوراج سنگھ اور وریندر سیواگ کو اس دورے کیلئے منتخب نہیں کیا ہے جبکہ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی بھی صرف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز جائیں گے، ایک سوال کے جواب میں ظہیر خان کا کہنا تھا کہ سریش رائنا کو ٹیم کی قیادت دینا اچھا فیصلہ ہے اور میری نیک تمنائیں اس کے ساتھ ہیں، گزشتہ دو سالوں سے سریش رائنا کی کارکردگی بہت شاندار ہے اور میں پرامید ہوں کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز میں بھی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، ظہیر خان کا یہ کہنا تھا کہ انہوں نے دورہ ویسٹ انڈیز پر نہ جانے کا فیصلہ اس لئے کیا ہے تاکہ آرام کریں اور آئندہ سخت مقابلوں کیلئے خود کو مکمل طور پر فٹ رکھیں۔
Comments
Post a Comment