کراچی میں رستم پاکستان دنگل کا انعقاد آج ہوگا

رستم پاکستان دنگل ٹائٹل فائٹ کا فائنل اتوار کو 61 سال کے بعد کراچی کے اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ سندھ ریسلنگ ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں پہلے 15 سے 20اکھاڑے ہوتے تھے لیکن کئی سالوں سے بند پڑے ہیں۔رستم پاکستان دنگل کے فائنل جوڑ میں دو مقابلے ہوں گے فائنل مقابلہ ملتان کے حامد خان اور شیخوپورہ کے پہلوان عثمان مجید کے درمیان ہوگا۔تیسری پوزیشن کے لیے نادردھا اور شاہ زمان جانی پہلوان نبرد آزما ہوں گے۔ ایونٹ کے فاتح پہلوان کو تین لاکھ جبکہ رنر اپ کو دو لاکھ روپے انعام میں دیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ کراچی میں آخری بار پاکستان دنگل 1952ء میں منعقد ہوا تھا جس میں ناصر بھولو نے یونس پہلوان کو پچھاڑ دیا تھا۔صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ نے بتایا کہ امکان ہے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ مقا بلے کے اختتام پر انعامات تقسیم کر یں گے،ابتدائی کشتیاں شام 5 بجے شروع ہوں گی ، جبکہ فائنل دنگل شام 6 بجے ہوگا۔

Comments