آئی سی سی سٹے بازی اور میچ فکسنگ روکنے کیلیے سنجیدہ نہیں ، اسٹراس

انگلش ٹیسٹ کپتان اینڈریو اسٹراس نے کہا ہے کہ شاید آئی سی سی حکام کرکٹ سے میچ فکسنگ اور سٹے بازی کے مکمل خاتمے کیلیے سنجیدہ نہیں ہیں، اس برائی سے نمٹنے کیلیے پیسے خرچ نہیں کیے جارہے، یہ بات عیاں ہے کہ میچ فکسنگ کا عمل سب سے زیادہ برصغیر میں ہوتا ہے، لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ اس میں وہاں کے کھلاڑی ملوث ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک لعنت ہے اور اس کا خاتمہ بہت مشکل ہے لیکن یہ اسے جاری رکھنے کے لیے کوئی عذر نہیں۔ آفیشلز کو اپنا کام کرنے کیلیے عزم کی ضرورت ہے لیکن میرا خیال ہے کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھانے کیلیے اتنے وسائل نہیں جن کی انہیں ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی سال تک انگلش ٹیم کی کپتانی کر سکتا ہوں۔

Comments