ماضی کے عظیم اسپنر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق سربراہ اقبال قاسم نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو قیادت سے ہٹا کر واضح پیغام دیا ہے کہ وہ کرکٹ چھوڑ دیں۔ سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو پروموٹ کرنے کے لئے ایک لابی سرگرم ہے۔ اقبال قاسم نے کہا کہ قومی ٹیم کی طرح قیادت کے مسئلے میں بھی مستقل مزاجی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ بار بار ٹیم تبدیل کرنے اور کپتان بدلنے سے دنیابھر میں پاکستان کے حوالے سے اچھا پیغام نہیں آ رہا ہے، اوپر تلے تبدیلیوں سے کھلاڑی ڈپریشن کا شکار ہیں، قومی ٹیم کا ہر کھلاڑی خوف میں مبتلا ہے کہ اب اس کا نمبر آنے والا ہے۔ کپتان اور کھلاڑیوں کو جس طرح تبدیل کیا جا رہا ہے اس سے قومی ٹیم کے حوصلے پست ہو سکتے ہیں اور کرکٹرز انتشار کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اقبال قاسم نے کہا کہ شاہد آفریدی اچھے طریقے سے ون ڈے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے اچانک کپتان کو تبدیل کرنا درست فیصلہ نہیں ہے اس کے منفی اثرات سامنے آ سکتے ہیں۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ (ر) توقیر ضیاء کا کہنا ہے کہ اگر شاہد آفریدی نے ڈسپلن توڑا ہے تو اسے بتایا جائے کہ اس نے کیا جرم کیا ہے بغیر کسی وجہ کے کپتان تبدیل کرنا کسی طرح بھی ٹیم کے مفاد میں نہیں ہے۔ پی سی بی اس قسم کے فیصلے کر کے ٹیم کو خراب کر رہا ہے۔ اگر شاہد آفریدی کی کارکردگی خراب ہے تو اسے ٹیم سے ڈراپ کیا جائے لیکن یہ طریقہ کار درست نہیں ہے۔

Comments
Post a Comment