پاکستان ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ کیلئے تربیتی کیمپ کل سے اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگا، ٹیم کے اس تربیتی کیمپ کے اختتام پر پاکستان کی سینئر ہاکی ٹیم آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں بیس تا پچیس جون تک ہونے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی،چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ میزبان آئرلینڈ، فرانس، چین کی ٹیمیں شرکت کرینگی، شیڈول کے مطابق بیس جون کو پہلا میچ پاکستان اور فرانس جبکہ دوسرا میچ چین اور آئرلینڈ کے درمیان ہوگا، بائیس جون کو پاکستان کا مقابلہ چین سے جبکہ فرانس کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہوگا، چوبیس جون کو فرانس کا مقابلہ چین جبکہ پاکستان کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہوگا، پچیس جون کو فائنل اور تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ کھیلے جائینگے۔پاکستان ہاکی ٹیم آئرلینڈ میں چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد ہالینڈ روانہ ہو جائے گی جہاں وہ ایک اور چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی اس چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ میزبان ہالینڈ، جرمنی، اور انگلینڈ کی ٹیمیں شرکت کرینگی، شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ اٹھائیس جون سے شروع ہوگا اور اس کا فائنل دو جولائی کو کھیلا جائے گا، اٹھائیس جون کو جرمنی کا مقابلہ انگلینڈ، پاکستان کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا، انتیس جون کو پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ، جرمنی کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا، یکم جولائی کو پاکستان کا مقابلہ جرمنی جبکہ انگلینڈ کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا، دو جولائی کو فائنل اور تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ کھیلے جائیں گے۔آئرلینڈ اور ہالینڈ میں ہونے والے دونوں چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے، پاکستان کی ٹیم جس نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ یورپ میں ہونے والے یہ دونوں ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی اور لندن اولمپکس سے قبل اس کے سخت ٹیسٹ ثابت ہونگے۔
Comments
Post a Comment