پاکستان اے اور افغانستان کی ٹیمیں کل فیصل آباد میں مدمقابل ہونگی

پاکستان اے اور افغانستان کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کل فیصل آباد میں کھیلا جائے گا، تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان اے کی ٹیم پہلے ہی دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کئے ہوئے ہے، پاکستان نے اسلام آباد میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ایک سو پچاس رنز سے کامیابی حاصل تھی، آج ہونے والے تیسرے ون ڈے میچ کیلئے فیصل آباد میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کی سیکورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نوروز مینگل کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پہلے دونوں میچوں میں ہماری ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم ہماری کوشش ہو گی کہ سیریز کا اختتام جیت کے ساتھ کریں، انہوں نے کہاکہ فیصل آباد میں ہونے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے لئے ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ایک تبدیلی کی جاسکتی ہے، نوروز مینگل نے مزید کہا کہ ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ میچ میں کامیابی حاصل کرے تاہم ہماری ٹیم میں ابھی کچھ خامیاں موجود ہیں جو پاکستان اے کیخلاف پہلے دو میچوں میں سامنے آئی ہیں اور ان کو دورکرنے پر توجہ دی جائے گی، انہوں نے کہاکہ افغانستان میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے اور پاکستان اے کیخلاف افغانستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کر اچھا تجربہ بھی حاصل ہوا ہے۔

Comments