شعیب، یونس و یوسف کے بعد آفریدی کو انتخاب کی منفی رپورٹ لے ڈوبی

شعیب ملک، محمد یوسف اور یونس خان کی طرح شاہد آفریدی کی کشتی ڈبونے میں انتخاب عالم کی رپورٹ نے اہم کردار ادا کیا۔ انتخاب عالم نے کوچ کی حیثیت سے شعیب ملک، محمد یوسف اور یونس خان کو کپتانی سے ہٹوانے میں منفی رپورٹ دے کر اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنی رپورٹ میں تحریر کیا تھا کہ وقار یونس کے ساتھ لڑائی میں آفریدی کا رویہ کپتان والا نہ تھا۔ اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو ون ڈے قیادت سے سبکدوش کر دیا، تاہم اعجاز بٹ کا اعتماد حاصل کرنے والے کوچ وقار یونس بدستور اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے جبکہ مصباح الحق کو تینوں طرز کی کرکٹ میں قیادت سونپی جا رہی ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق وقار یونس اور شاہد آفریدی کے ویسٹ انڈیز کے دورے میں اختلافات شدید رہے، تاہم وقار یونس تمام حساس معاملات پر چیئرمین اعجاز بٹ اور منیجر انتخاب عالم کو اعتماد میں لیتے رہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی انتظامیہ کو جب کپتان اور کوچ کے اختلاف کا علم ہوا، تو انہوں نے منیجر سے جھگڑے کی رپورٹ مانگی۔ انتخاب عالم جو ماضی میں ڈیڑھ درجن کپتانوں کے ساتھ کام کرچکے تھے، انہوں نے اعجاز بٹ کو بھیجی گئی اپنی رپورٹ میں تحریر کیا کہ وقار یونس کی غلطی نہ تھی، آفریدی نے کوچ کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی انتظامیہ شاہد آفریدی کے خلاف تفصیلی تحقیقات کرا رہی ہے، جو دورے کے اختتام پر منظر عام پر لائی جائے گی۔ وقار یونس نے بھی ابتدائی طور پر آفریدی کے خلاف منفی رپورٹ دی تھی۔ پی سی بی نے اصولی طور پر فیصلہ کرلیا ہے کہ شاہد آفریدی کو عام کھلاڑی کی حیثیت سے موقع دیا جائے گا۔ تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران قومی ٹیم سے دستبرداری کے بعد انہوں نے جو بیانات دیئے ہیں، ان بیانات کو پی سی بی کے حکام اچھے انداز میں نہیں دیکھ رہے۔ پی سی بی انتظامیہ میڈیا کے ساتھ آفریدی کے تعلقات کو گہری نظر سے دیکھ رہی ہے۔

Comments