سینٹ کٹس میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نےآٹھ وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز سکور کیے ہیں۔ اس سے پہلے پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں دو سو بہّتر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستانی سپنروں نے ایک مرتبہ پھر ویسٹ انڈیز کے بیسٹمینوں کو نہ صرف کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا بلکہ وقفے وقفےسے وکٹیں بھی حاصل کرتے رہے۔ دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کیمار روچ اور روی رامپال وکٹ پر موجود ہیں۔
ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے ابھی اٹھاسی رنز بنانے ہیں۔
دوسرے روز پاکستان کی طرف سے دسویں وکٹ کی شراکت میں تنویر احمد اور سعید اجمل نے اٹہتر رنز کی انتہائی قیمتی پارٹنرشپ بنا کر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنا دیا۔ تنویر احمد نے اپنے کیریئر پہلی نصف سینچری سکور کی۔
ویسٹ انڈیز نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا میں نقصان اٹھانا پڑا اور اوپنر لنڈل سمنز بغیر کوئی رنز بنائے تنویر احمد کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بریتھ ویٹ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور پندرہ رنز بنا کر فاسٹ بولر وہاب ریاض کا نشانہ بنے۔
دوسرے روز کی خاص بات پاکستان فیلڈروں کی عمدہ فلیڈنگ تھی۔ پاکستان فیلڈروں نے تقریباً تمام کیچ پکڑے ۔ توفیق عمر تین کیچ پکڑ کر سب سے نمایاں رہے۔ عمر اکمل نے باونڈری لائن پر انتہائی خوبصورت کیچ پکڑ کر ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی کو آؤٹ کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے مارلن سیموئیل نے سب سے زیادہ ستاون رنز سکور کیے۔ سمیوئیل بک میکروں کے ساتھ اپنے تعلقات کی وجہ سے آئی سی سی کی جانب سے لگائی جانے والی دو سالہ پابندی کے بعد پہلی بار ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ ٹیم میں نمائندگی کر رہے ہیں۔
دوسرے روز پاکستان نے ایک سو اسی رنز پر چھ کھلاڑی کے ساتھ اننگز شروع کی۔پاکستان کی پہلی وکٹ ایک سو ستاسی رنز کے مجموعی سکور پر عبدالرحمان کی گری، جنھوں نے تین رنز بنائے اور سیمی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ایک سو ستاسی پر ہی آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد سلمان تھے جو تیرہ رنز بنا کر بشو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
مجموعی سکور میں محض سات رنز کے اضافے کے بعد وہاب ریاض صفر کے سکور پر آؤٹ ہو گئے۔
دسویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تنویر احمد تھے، جنھوں نے ٹیم کو مشکل سے نکالتے ہوئے سکور کو دو سو بہّتر رنز تک پہنچے میں اہم کردار ادا کیا۔
انھوں نے چھیانوے گیندوں پر ستاؤن رنز بنائے۔ سعید اجمل تئیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے رام پال اور بشو نے تین تین، سیمی نے دو اور روچ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments
Post a Comment