ترجیحات ہمیشہ سے واضح ہیں،بورڈ چاہے تو مستقل ون ڈے کپتان بن سکتا ہوں، مصباح

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ میں ون ڈے ٹیم کی قیادت کیلئے بے چین نہیں ہوں۔ اگر بورڈ مجھے یہ ذمے داری مستقل بنیادوں پر سونپنا چاہتا ہے تو میں کپتان بننے کو تیار ہوں۔ ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی سیریز میں پی سی بی نے مجھے قیادت سونپی، میں خوشی سے یہ کام کررہا ہوں۔ ہمیشہ سے میری ترجیحات بالکل واضح ہیں۔ میں پاکستان کے لئے اچھا کھیلنا چاہتا ہوں۔ اگر کسی اور کو قیادت سونپی جاتی ہے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ میں کسی کی بھی کپتانی میں کھیلنے کو تیار ہوں۔ مصباح الحق نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہ جیتنے پر سخت مایوسی ہوئی ہے۔ ہمارے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع تھا اور ہم ایسا کرنا بھی چاہتے تھے لیکن پہلے ٹیسٹ میں اچھا نہ کھیل سکے۔ وکٹ کی مناسبت سے ویسٹ انڈین بولروں نے اچھی بولنگ کی۔ خوشی کی بات ہے کہ لڑکوں نے سخت محنت کرتے ہوئے باؤنس بیک کیا۔ اچھی بات یہ ہے کہ گزشتہ تینوں ٹیسٹ سیریز میں ہم ناقابل شکست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی بیٹنگ کنڈیشن بیٹسمینوں کے لئے بے حد مشکل ہے۔ بیٹسمینوں کے لئے ان وکٹوں پر سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ جنید خان نے عمدگی سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا ہے۔ ان کا رویہ بہت اچھا ہے اور وہ سیکھنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ وہ بولنگ کے دوران بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے اور فوکس ہیں۔

Comments