پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان شاہد خان آفریدی کو ٹیم کی قیادت سے سبکدوش کرنے کے بعد اب ٹیم کے کوچ کو کی تبدیلی کے بارے میں بھی غور و فکر شروع کردیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتہائی اہم ذرائع کے مطابق چیئرمین کرکٹ بورڈ اس بات پر سخت نالاں ہیں کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخر دو ون ڈے میچوں کے دوران ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی اور کوچ وقار یونس کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے ڈریسنگ روم کا ماحول متاثر ہوا ہے، اس حوالے سے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹیم منیجر انتخاب عالم نے جو رپورٹ چیئرمین اعجاز بٹ کو دی ہے اس میں کسی ایک کو قصور وار نہیں بتایا گیا بلکہ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ کوچ اور کپتان دونوں کی وجہ سے ڈریسنگ روم کا ماحول خراب ہوا ہے، بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کیونکہ اس وقت ٹیم دورہ آئرلینڈ پر موجود ہے اس لئے اس معاملے پر کارروائی سے مسائل کھڑے ہوسکتے ہیں جب ٹیم دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے گی تو اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کی جائیں گی اور اگر وقار یونس کو بھی قصور وار پایا گیا تو انہیں بھی عہدے سے فارغ کیا جاسکتا ہے، ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد خان آفریدی کو ٹیم سے باہر نہیں کیا بلکہ صرف قیادت سے ہٹایا ہے، آئرلینڈ کیخلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ شاہد خان آفریدی نے ازخود کیا ہے، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹیم منیجر کی رپورٹ پر بورڈ نے ایک چارج شیٹ بھی شاہد خان آفریدی کیخلاف تیار رکھی ہے جس سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ انہیں قیادت سے ہٹانے کا فیصلہ بلاجواز نہیں تھا بلکہ اس کی ٹھوس وجوہات تھیں۔
Comments
Post a Comment