اسلام آباد(سپورٹس سیل)پاکستان اے نے افغانستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹوں سے مات دے دی۔اسلام آباد میں کھیلے جانے والے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغان ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی دبا ئوکا شکار رہی اور صرف بائیس رنز کے مجموعے پر اس کے چار کھلاڑی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان نوروز مینگل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو آگے بڑھایا۔ مینگل تینتیس رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔ نئے آنے والے بیٹسمینوں میں محمد نبی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی بالرز کا ڈٹ کرسامنا نہ کر سکا افغان بیٹسمین وقفے وقفے سے آئوٹ ہو کر پویلین لوٹتے رہے۔ افغان ٹیم کی جانب سے محمد نبی باہتر رنز بنا کر نمایاں رہے۔ افغانستان کی پوری ٹیم اڑتیسویں اوور میں ایک سو باون رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد طلحہ نے تین جبکہ سہیل تنویر اور صدف حسین نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان اے نے افغانستان اے کے خلاف مطلوبہ ہدف تینتیس اوورز میں پانچ وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ شرجیل خان سینتالیس اور عمر امین انتیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دولت زدرین نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان نوروز مینگل نے کہا کہ انہیں اسلام آبادمیں ون ڈے میچ کھیل کر بہت لطف آیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی تجربہ کار ٹیم کیخلاف افغانستان کی نوجوان ٹیم کو کھیل کر اچھا تجربہ حاصل ہوگا، انہوں نے کہاکہ پہلے ون ڈے میچ میں بیٹنگ لائن سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں آئندہ میچوں میں ان غلطیوں کو دور کرکے میدان میں اتریں گے اور سیریز کو برابر کرینگے۔
Comments
Post a Comment