پاکستان اے نے دوسرے میچ میں بھی افغانستان کو ہرا دیا

 اسلام آباد(سپورٹس سیل)پاکستان اے اور افغانستان کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بھی پاکستان اے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان افغان ٹیم کو ایک سو پچاس رنز سے شکست دیکر سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے، پاکستان کی جانب سے شرجیل خان، بابر اعظم اور عمر امین نے نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ صدف حسین نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان اے کرکٹ ٹیم کے کپتان سہیل تنویر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنا ڈالے، پاکستان کی جانب سے اوپنر شرجیل خان نے 64، بابر اعظم نے 63 ، عمر امین نے 63، عثمان صلاح الدین نے 23، کپتان سہیل تنویر نے پندرہ، سرفراز احمد نے 46، نوید یاسین نے تیرہ اور رمیض راجہ نے بائیس رنز بنائے، محمد طلحہ بغیر کوئی سکور بنائے ناٹ آئوٹ رہے، اٹھارہ رنز فاضل کے تھے، افغانستان کی جانب سے دالوت زردان نے تین جبکہ محمد نبی اور سمیع اللہ شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں افغانستان کی ٹیم جسے میچ جیتنے کیلئے تین سو اٹھائیس رنز کا ہدف ملا تھا 46.5 اوورز میں 177 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی اور میچ ایک سو پچاس رنز کے فرق سے ہار گئی، افغانستان کی جانب سے نور علی زردان نے سات، جاوید احمدی نے انتیس، محمد شہزاد نے چار، کپتان نوروز مینگل نے انتیس، اصغر نے دس، سمیع اللہ شنواری نے 61، محمد نبی نے دو، گلبدین نائب نے پانچ، شاپور زردان نے آٹھ، دالوت زردان نے چھ جبکہ حامد حسن زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کیلئے نہیں آئے، پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بائولر صدف حسین رہے جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی سہیل تنویر اور ذوالفقار بابر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا شرجیل خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی، مین آف دی میچ کا ایوارڈ صدف حسین کو دیا گیا

Comments