سپاٹ فکسنگ میں ملوث پاکستانی کھلاڑیوں سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کے خلاف کرپشن کیس کی لندن میں سماعت جمعہ کو ہوگی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر برطانوی ویزا ملنے کے بعد اسپاٹ فکسنگ اور دھوکہ دہی کے الزام میں کرمنل کیس کی سماعت کے لیے جمعرات کو لندن روانہ ہوگئے۔ فاسٹ بولر محمد آصف پہلے ہی لندن پہنچ چکے ہیں جبکہ سابق کپتان سلمان بٹ کی نمائندگی ان کے وکیل یاسین پٹیل کریں گے۔ اسپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار اور مبینہ سٹے باز مظہر مجید بھی ساؤتھ ورک کراؤن کورٹ میں پیش ہوں گے۔ لندن روانگی سے قبل محمد عامر نے کہا کہ ویزا نہ ملنے کی وجہ سے مجھے جانے میں تاخیر ہوئی لیکن اب میں اس امید کے ساتھ سماعت کے لیے جارہا ہوں کہ یہ بحران جلد از جلد ختم ہوجائے گا۔یاد رہے کہگزشتہ سال اگست میں لارڈز ٹیسٹ کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظر عام پر آیا جس کے مرکزی کردار پاکستان کے اس وقت کے ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ، فاسٹ بولر محمد آصف، محمد عامر اور ان کے ایجنٹ مظہر مجید تھے۔ آئی سی سی کی جانب سے تینوں کھلاڑیوں کو پہلے ہی بالترتیب دس، سات اور پانچ سال پابندی کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ تینوں کرکٹرز کے خلاف لندن کی عدالت میں کراؤن پراسیکیوشن نے کرپشن اور دھوکہ دہی کا الگ کیس دائر کر رکھا ہے۔ تینوں کھلاڑی مارچ میں بھی مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے جنہوں نے سماعت کے لیے تاریخ 20 مئی مقرر کی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عدالت جمعے کی سماعت میں کیس کی باقاعدہ کارروائی کے لئے تاریخ دے گی اگر کھلاڑیوں کے وکلاء اور پراسیکیوشن کے درمیان باہمی سمجھوتہ طے پا گیا تو پھر اس سماعت میں کھلاڑیوں کی شرکت لازمی نہیں ہوگی۔

Comments
Post a Comment