 پاکستان نے اس سال اکتوبر میں سری لنکا میں شیڈول اپنی ہوم سیریز کو پاکستان منتقل کرنے کے لیے سری لنکن کرکٹ حکام سے باضابطہ رابطہ کیا ہے۔
پاکستان نے اس سال اکتوبر میں سری لنکا میں شیڈول اپنی ہوم سیریز کو پاکستان منتقل کرنے کے لیے سری لنکن کرکٹ حکام سے باضابطہ رابطہ کیا ہے۔یاد رہے کہ مارچ دو ہزار نو میں لاھور میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی گئی۔
اکتوبر میں سری لنکا میں شیڈول پاکستان کی ہوم سیریز میں دونوں ٹیموں نے تین ٹیسٹ میچ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاملہ سیاسی سطح پر زیر بحث لایا جائے تو پاکستان میں اس سیریز کا انعقاد ممکن ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق سری لنکا کو یہ سیریز پاکستان میں آ کر کھیلنے کے لیے باضابطہ دعوت نامہ تو بھجوا دیا گیا ہے لیکن اس کا فیصلہ حکومتی سطح پر ہی ہو سکے گا اور اس میں دونوں ملکوں کی حکومتوں کو دلچسپی لینا ہو گی۔
بورڈ کے سربراہ اعجاز بٹ نےگزشتہ ہفتے وزیر داخلہ رحمان ملک سے ملاقات کی تھی جس کے بعد رحمان ملک نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی حکومت سری لنکن ٹیم یا کسی بھی دوسرے ملک کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی صورت میں مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔
خیال رہے کہ افغانستان کی قومی ٹیم پچیس مئی سے پاکستان اے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آ رہی ہے لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ سیریز دیگر ٹیموں کو پاکستان آ کر کھیلنے کے لیے بہت اچھی ترغیب ثابت نہیں ہو گی۔
Comments
Post a Comment