سعید اجمل، عبدالرحمن نے ویسٹ انڈیز پر سحر پھونک دیا، پاکستان دوسرا ٹیسٹ جیت گیا، سیریز ڈرا

مصباح الحق نے ون ڈے کی کپتانی ملنے کے بعد پاکستانی شائقین کو تحفہ ٹیسٹ میچ کی جیت کی صورت میں دیا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو196 رنز سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے دوسرا ٹیسٹ جیت لیا۔ اسپنرز سعید اجمل اور عبدالرحمن نے شاندار پرفارمنس سے ویسٹ انڈیز پر سحر پھونک دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز1-1 میچ سے برابر ہو گئی۔ پاکستان نے میزبان ٹیم کو جیت کے لیے427 رنز کا ہدف دیا تھا۔ منگل کو میچ کے پانچویں دن لنچ سے قبل ویسٹ انڈین ٹیم دوسری اننگز میں80.3 اوورز میں230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس میچ کا نتیجہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کو متاثر نہیں کرے گا۔ پاکستان بدستور چھٹے اور ویسٹ انڈیز ساتویں نمبر پر رہے گا۔ پاکستان نے ون ڈے سیریز3-2 سے جیتی تھی۔ پانچویں دن ویسٹ انڈیز نے130 رنز 5 وکٹ سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی لیکن کوئی بیٹسمین پاکستانی اسپنرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔ کپتان ڈیرن سیمی نے6 چوکوں کی مدد سے51 گیندوں پر41 رنز کی اننگز کھیلی۔ روی رام پال نے20 رنز اسکور کیے۔ کیماروچ12 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمن نے65 رنز دے کر 4 اور آف اسپنر سعید اجمل نے79 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سعید اجمل نے سیریز کے دو ٹیسٹ میچوں میں17 وکٹیں حاصل کیں۔ 135 رنز بنانے والے توفیق عمر کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان گزشتہ گیارہ سال سے ویسٹ انڈیز کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہارا۔ پاکستان کا ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا خواب پورا نہ ہو سکا تاہم پہلا ٹیسٹ ہارنے کے بعد مصباح الحق کی قیادت میں گرین شرٹس نے غیرمعمولی کارکردگی دکھائی۔ 1999-2000ء میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف آخری سیریز جیتی تھی۔ اس کے بعد پاکستان نے دو ہوم سیریز میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔

Comments