ٹیسٹ جیتنے سے اعتماد بڑھ گیا، مصباح

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ سنچری اسکور کرنے کے ساتھ کپتان کی حیثیت سے ٹیسٹ جتوانے سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، کوشش کروں گا کہ ون ڈے ٹیم کو بھی جیت کی راہ پر گامزن کروں۔ منگل کو میچ کے بعد اخبارنویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم گزشتہ دو سال سے تمام انٹرنیشنل کرکٹ ملک سے باہر کھیل رہی ہے۔ ملک سے با ہر کھیلنا مشکل ضرور ہے لیکن دنیا کے مختلف گراؤنڈز پر لڑکوں کو سیکھنے کا بھرپور موقع مل رہا ہے۔ ہماری ٹیم مضبوط ٹیم بن رہی ہے۔ کھلاڑی ذہنی طور پر مضبوط ہو رہے ہیں۔ امید ہے کہ جلد پاکستانی گراؤنڈ آباد ہوں گے اور ہماری ٹیم دنیا کی مضبوط ٹیم بنے گی۔ مین آف دی میچ ایوارڈ لینے والے توفیق عمر نے کہاکہ قومی ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد میں نے ہمت نہ ہاری اور مثبت کرکٹ کھیلی۔ ہمیشہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پرامید تھا۔ اننگز کے دوران کیچ ڈراپ ہوئے لیکن یہ سب کھیل کا حصہ ہے۔ ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے کہاکہ بیٹسمینوں کو بھارت کی سیریز سے قبل اپنی خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔ سیریز میں بولنگ اچھی رہی لیکن اہم کیچ ڈراپ ہونے سے کارکردگی متاثر ہوئی۔

Comments