بیڈمنٹن کی عالمی فیڈریشن نے اس نئے قانون پر عملدرآمد کا ارادہ ترک کر دیا ہے جس کے تحت مقابلوں کے دوران خواتین کھلاڑیوں کے لیے سکرٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔بیڈمنٹن کی عالمی تنظیم نے یہ قانون یہ کہہ کر متعارف کروایا تھا وہ کھیل کو زیادہ پرکشش بنانا چاہتی ہے اور اسی وجہ سے شارٹس پہننے پر پابندی لگائی گئی ہے۔تاہم کچھ کھلاڑیوں نے اس فیصلے کو جنسی بنیاد پر کیا گیا فیصلہ قرار دیا تھا۔اب بی ڈبلیو ایف کا کہنا ہے کہ وہ اس نئے قانون کومتعارف نہیں کروا رہی اور اس کا عمومی جائزہ لیا جائے گا۔ایک بیان میں تنظیم کا کہنا تھا کہ بی ڈبلیو ایف نے وومن ان بیڈمنٹن کمیٹی کی اس تجویز کو قبول کر لیا ہے کہ لباس کے قوانین کا مزید جائزہ لیا جائے اور اس لیے وہ ابھی سکرٹ کے لازمی استعمال کے حوالے سے نیا قانون لاگو نہیں کر رہی۔خیال رہے کہ رواں برس یکم مئی سے تمام گراں پری مقابلوں میں شریک خواتین کے لیے سکرٹ پہننا لازمی تھا اور اگر وہ شارٹس پہننا بھی چاہیں تو صرف سکرٹ کے نیچے ہی پہن سکتی تھیں۔
Comments
Post a Comment