پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات جولائی میں ہوں گے، احمد یار

 پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات جولائی میں ہوں گے ۔ صدر کے علاوہ 14 رکنی ایگزیکٹیو کمیٹی کا انتخاب کیا جائے گا۔  پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے بتایا کہ فیڈریشن کے چار سالہ مدت کیلئے نئے عہدیداروں کا انتخاب 26 جولائی کو لاہور میں ہوگا۔ ابتدائی طور پر 25 ووٹرز کا اعلان کیا گیا جن میں تینوں صوبوں سے تین تین، ڈپارٹمنٹس سے ایک ایک ووٹر حصہ لے گا۔ پنجاب کے کلبوں کی اسکروٹنی پر اسٹے کی وجہ سے وہاں کے ووٹرز کا اعلان نہیں ہوسکا ۔ جیسے ہی اسٹے ختم ہوگا ووٹرز کا اعلان کردیا جائے گا۔ پانچ نئے ووٹرز دیا ویمنز کلب کراچی، ینگ رائزنگ اسٹار اسلام آباد، پی ایم سی فیصل آباد، اسلام آباد فٹ بال ایسو سی ایشن اور افغان چمن کوئٹہ کو رائے دہی کا حق دیا ہے۔ صدر سمیت 15 ایگزیکٹیو ارکان کا انتخاب ہوگا جن میں تین نائب صدر، صوبوں کے دو دو اور ڈپارٹمنٹس کے ایک ایک ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن منتخب ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ 2014 ء کی تیاری کررہی ہے، بنگلہ دیش سے ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر میچز ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کی انگلینڈ میں ہونے والی سیریز کے حوالے سے احمد یار نے بتایا کہ اس سیریز کیلئے ابھی وقت درکار ہے۔ پہلے بھارت کا این او سی آئے گا پھر اس کے بعد ہماری ٹیم کو این او سی درکار ہوگا۔

Comments