پاکستان اور آئرلینڈ پہلے ون ڈے میچ کیلئے کل مدمقابل ہونگے

 پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز مکمل کرنے کے بعد آئرلینڈ کے شہر ڈبلن پہنچ چکی ہے ، پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے آج بلفاسٹ میں کھیلا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ سہ پہر 2-45 پر شروع ہوگا ، پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت مصباح الحق کرینگے جبکہ آئرش ٹیم کی قیادت ولیم پوٹرفیلڈ کرینگے، پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو ویسٹ انڈیز میں ون ڈے میچوں کی سیریز کے اختتام پر ٹیم انتظامیہ کے بارے میں بیان بازی کرنے پر کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا تاہم انہیں آئرلینڈ کیخلاف اعلان کردہ سولہ رکنی ٹیم میں بحیثیت کھلاڑی شامل رکھا گیا تھا، شاہد خان آفریدی جو اس وقت امریکہ میں ہیں نے قیادت سے ہٹائے جانے کے ردعمل کے طور پر آئرلینڈ کیخلاف دو ون ڈے میچوں کی سیریز میں شرکت سے معذرت کرلی ہے، ادھر آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین نیل اوبرائن بھی ان فٹ ہونے کی وجہ سے آج ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے، پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز تین دو سے جیتی تھی جبکہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کھیلی تھی، یاد رہے کہ آئرلینڈ کی ٹیم نے عالمی کپ 2007ء میں پاکستان کی ٹیم کو شکست دیکر اسے پہلے ہی رائونڈ سے باہر کردیا تھا جبکہ رواں سال بھی ہونے والے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اس نے اپنے گروپ میچ میں روایتی حریف انگلینڈ کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ڈبلن پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی آئرلینڈ کیخلاف بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سیریز جیتیں گے، مصباح الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کی کنڈیشنز میں فرق ہے تاہم مجھے امید ہے کہ کھلاڑی خود کو جلد ان کنڈیشنز میں ایڈجسٹ کرلینگے۔

Comments