قومی باسکٹ بال چیمپئن شپ، ہائیر ایجوکیشن کوارٹر فائنل میں داخل

اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں جاری 50 ویں قومی باسکٹ بال چیمپئن شپ میں گزشتہ روز ہائر ایجوکیشن کی ٹیم نے شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے حبیب بنک کی ٹیم کو 86-73 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ حبیب بنک کی ٹیم اس شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہو گئی ہے، گزشتہ روز کھیلے جانے والے دوسرے میچوں میں پاکستان ریلوز نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری کو 86-64، پاکستان نیوی نے سندھ کو 72-52، اور پنجاب کی ٹیم نے بلوچستان کو 46-22 سے شکست دیدی، ہائرایجوکیشن اور حبیب بنک کے درمیان میچ کے بہترین سکورر ایچ ای سی کے عاقب جاوید رہے جنہوں نے چوبیس پوائنٹس سکور کئے جبکہ اشعر گل اور محمد زوہیر چوہان نے بائیس بائیس پوائنٹس سکور کئے، حبیب بنک کی جانب سے عدنان خان نے تیس پوائنٹس جبکہ زاہد محمود نے بیس پوائنٹس سکور کئے، ریلوز اور پی او ایف کے درمیان میچ میں ریلوز کی جانب سے مزمل نے چوبیس، اظہر نے اٹھارہ جبکہ اللہ بخش نے تیرہ پوائنٹس سکور کئے، پی اوایف کی جانب سے احسان اللہ اور عشرت نے اٹھارہ اٹھارہ پوائنٹس سکور کئے، نیوی اور سندھ کے درمیان میچ میں نیوی کے غلام مصطفیٰ نے بیس جبکہ علی نے سولہ پوائنٹس سکور کئے، سندھ کی جانب سے احمد خان نے انیس اور محمد عظیم نے دس پوائنٹس سکور کئے، پنجاب اور بلوچستان کے درمیان میچ میں پنجاب کی جانب سے رومس جولیس نے دس جبکہ فہیم احمد نے نو پوائنٹس سکور کئے، بلوچستان کی جانب سے وقاص خان نے دس جبکہ نصیب اللہ نے آٹھ پوائنٹس سکور کئے، گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچوں کے دوران ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ امیر حمزہ گیلانی اور پی او ایف سپورٹس بورڈ کے توفیق احمد مہمانان خصوصی تھے۔

Comments