تنقید کے باوجود اعجاز بٹ کو ہٹائے جانے کا امکان نہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ پر ہونے والی تنقید اور ان کی جانب سے شاہد خان آفریدی کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے اور آل رائونڈر آفریدی کے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کے باوجود اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ حکومت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں کوئی بڑی تبدیلی کی جائے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزارت کھیل کے ذرائع کے مطابق چیئرمین کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ حکومت کی جانب سے دی گئی مدت کو پورا کرینگے جو رواں سال اکتوبر میں اختتام پذیر ہو گی، اس سے قبل اعجاز بٹ کو ایوان صدر کی جانب سے ہٹائے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے، اعجاز بٹ کو صدر آصف علی زرداری نے اکتوبر 2008ء میں چیئرمین کرکٹ بورڈ لگایا تھا اس کے بعد سے اعجاز بٹ مسلسل تنقید کی زد میں ہیں جبکہ ان کے فیصلوں کی وجہ سے ملک میں کرکٹ کو نقصان بھی پہنچا ہے، حیران کن بات یہ ہے کہ اعجاز بٹ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے اور اس کے بعد سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے باوجود اپنی کرسی بچانے میں کامیاب رہے ہیں، بورڈ کے ایک ذرائع کے مطابق ایوان صدر تمام تنقید کے باوجود اعجاز بٹ کو ان رواں سال اکتوبر تک ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا ارادہ نہیں رکھتا ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر اعجاز بٹ نے مدت ختم ہونے کے بعد عہدے کی معیاد میں توسیع کی درخواست کی تو اسے بھی قبول کرلیا جائے گا۔

Comments