شین وارن کو بالی وڈ میں اداکاری کی پیشکش


 آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جانے والے مشہور سپن باؤلر شین وارن نے کہا ہے کہ انہیں بھارت میں بالی وُڈ کی فلموں میں کام کرنے کی آفر ہوئی ہے اور وہ یہ پیشکش قبول کرنے پر غور کریں گے۔
 انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد شین وارن نے انڈین پریمیئر لیگ IPL میں کھیلنا شروع کر دیا تھا، جس میں وہ راجستھان رائلز کی کپتانی کر رہے تھے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق شین وارن نے کہا ہے کہ بھارت میں کرکٹ کھیلتے ہوئے وہ اس ملک سے گہری محبت کرنے لگے ہیں۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز میں پیر کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں شین وارن نے کہا کہ انہیں بالی وُڈ فلم انڈسٹری کے لیے کام کرنے کی پیشکشیں تو ہو رہی ہے لیکن اس سلسلے میں اگر انہیں کوئی بہت دلچسپ آفر ہوئی تو وہ اس پر غور کریں گے۔
اکتالیس سالہ شین وارن نے کہا کہ وہ بھارت کی ثقافت، اس ملک میں روزمرہ زندگی اور بھارتی باشندوں کی جذباتیت اور محبت سے پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں اکثر بھارت آتے رہیں گے۔شین وارن کی کپتانی میں ان کے کرکٹ کیریئر کا آخری میچ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں جمعہ کو ہونے والا وہ میچ تھا، جس میں اس آسٹریلوی کھلاڑی کی کپتانی میں راجستھان رائلز نے سچن تندولکر کی ٹیم ممبئی انڈینز کو دس وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
شین وارن نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ مستقبل میں وہ نوجوان لڑکیوں کے لیے فیشن ملبوسات کی ڈیزائنگ شروع کرنے کا بھی سوچ رہے ہیں۔ ان ملبوسات کی مارکیٹنگ بھارت میں کی جائے گی۔ شین وارن کے مطابق اس ممکنہ منصوبے میں ان کا ساتھ دینے کے سلسلے میں ان کی بیٹی میں بھی بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
تاہم شین وارن نے یہ نہیں بتایا کہ آیا پیشہ ورانہ بنیادوں پر نوجوان لڑکیوں کے فیشن ملبوسات کی ڈیزائننگ کے کام میں انہیں اپنی برطانوی گرل فرینڈ الزبتھ ہرلی کی مدد بھی حا صل رہے گی۔ الزبتھ ہرلی برطانیہ کی ایک مشہور ماڈل ہیں اور وہ سوئمنگ کے لیے استعمال ہونے والے ملبوسات ڈیزائن کرتی ہیں۔

Comments