آئی سی سی کا سالانہ اجلاس کل سے ہانگ کانگ میں شروع ہوگا
آئی سی سی کا سالانہ اجلاس اتوار سے ہانگ کانگ میں شروع ہورہا ہے۔26اور 27جون کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا، اجلاس کے ایجنڈے میں دو اہم نکات بورڈ کے سربراہ کی تقرری میں حکومتی اثر و رسوخ کو ختم کرتے ہوئے جمہوری نظام متعارف کرانا اور آئی سی سی کے صدر کے لئے روٹیشن پالیسی کے موجودہ طریقہ کار کوختم کرنا شامل ہیں۔ کرکٹ کمیٹی کی جانب سے کھیل کو مزید دلچسپ اور غیرمتنازع بنانے کے لئے پیش کی گئی مختلف تجاویز پر بھی غور کرے گی۔ان تجاویز میں ڈی آر ایس ( ڈسیژن ریویو سسٹم) کا مستقل طور پر ٹیسٹ ،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں استعمال، ہر ٹیم کو ایک اننگز میں ایک ریویو کی اجازت، ون ڈے میں ایک اننگز کے دوران دو گیندوں کا استعمال، بیٹنگ اور بولنگ پاور پلے 16 سے 40 اوورز کے درمیان لئے جانے کی تجویز، بولرز کے مقررہ اوورز کی حد کا خاتمہ، کلوز کیچنگ فیلڈرز کی شرط کا خاتمہ جبکہ ایک اوور میں باوٴنسر کی تعداد ایک سے بڑھاکر دو کرنے کی تجویز شامل ہے۔سلو اوورریٹ کی تین کے بجائے دو خلاف ورزیوں پر کپتان کی معطلی کی تجویز بھی زیر غور آئے گی۔ ٹاسک فورس برائے پاکستان، پاکستان میں سیکورٹی صورتحال پراپنی حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔
Comments
Post a Comment