ومبلڈن: ٹینس کا تاریخی ٹورنامنٹ

کل بیس جون سے لندن شہر میں مقبول کھیل ٹینس کے تیسرے اہم گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن کا آغاز ہو گا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے دن کے لیے تمام میچوں کے شیڈیول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ گھاس کورٹ پر کھیلا جاتا ہے۔ومبلڈن، ٹینس کا سب سے قدیمی اور انتہائی معتبر ٹورنامنٹ خیال کیا جاتا ہے۔ لندن شہر کے نواح میں واقع ومبلڈن کے مقام پر وسیع  ٹینس کمپلیکس میں تمام میچوں کا انعقاد ہوتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی منتظم آل انگلینڈ کلب ہے۔ سن 1877 سے ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اصلی گھاس پر کھیلا جاتا ہے اور اسی باعث برسوں پہلے اس کا کھیل کا نام لان ٹینس کے طور پر مشہور ہوا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کے شروع ہونے کی ایک اور روایت یہ بھی ہے کہ 20 اور 26 جون کے درمیان آنے والے پیر سے میچوں کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے۔بیس جون سے شروع ہونے والے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا آخری دن تین جولائی ہے۔ اس آخری دن مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فائنل میچ کھیلا جاتا ہے۔ اس سے ایک روز قبل دو جولائی کو خواتین سنگلز مقابلوں کا فائنل میچ شیڈیول ہے۔ اس دوران مردوں اور خواتین کے ڈبلز کے ساتھ ساتھ مکسڈ ڈبلز اور جونیئر چیمپیئن شپ کے میچز کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ مرد اور خواتین سنگلز کی چیمپیئن شپ جیتنے والی کھلاڑیوں کو گیارہ گیارہ لاکھ پاؤنڈز کی انعامی رقم دی جاتی ہے۔خواتین مقابلوں میں ڈنمارک کی کیرولین ووسنیاکی فیورٹ کھلاڑی قرار دی گئی ہیں۔ وہ مسلسل 35 ہفتوں سے عالمی نمبر ایک چلی آ رہی ہیں۔ اس دوران وہ کوئی بھی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ابھی تک جیت نہیں سکی ہیں۔ مردوں میں ہسپانوی کھلاڑی ندال فیورٹ قرار دیے گئے ہیں۔ وہ بھی مردوں کے عالمی نمبر ایک ہیں۔ امریکی سیرینا ولیمز اور وینس ولیمز انجریز کا شکار تھیں اور وہ بھی اس ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔ گھاس پر وینس ولیمز اور سیرینا کا کھیل بہت زوردار ہوتا ہے۔ سیرینا ولیمز دفاعی چیمپیئن بھی ہیں۔مردوں کے ڈبلز میں پاکستان کے اعصام الحق قریشی اور بھارت کے روہن بوپنا کی جوڑی کو درجہ بندی میں چوتھا مقام دیا گیا ہے۔ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو ومبلڈن جیسے معتبر ٹورنامنٹ میں اس پوزیشن پر پہلی بار دیکھا گیا ہے۔ اعصام اور روہن بوپنا کی جوڑی نے پچھلے دنوں جرمن شہر ہالے میں کھیلا جانے والا گیری ویبر اوپن ٹورنامنٹ جیتا تھا۔خواتین کی عالمی نمبر دو کم کلائسٹرز نے پاؤں کی چوٹ کی وجہ سے ومبلڈن میں شریک ہونے سے معذوری ظاہر کردی ہے۔ وہ اس سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کی فاتح ہیں۔ اس کے علاوہ اس برس وہ یو ایس اوپن کا بھی دفاع کریں گی۔

Comments