ملک کے صف اول کے کرکٹرز قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے جس سے ایونٹ کا رنگ پھیکا پڑ جائے گا ان میں ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ شاہد خان آفریدی، عبدالرزاق، سعید اجمل،وہاب ریاض، انور علی، رانا نوید الحسن، اظہر محمود اور یاسر عرفات نمایاں ہیں۔ شاہد آفریدی کی جگہ کے سی سی اے نے فاسٹ بولر محمد سمیع کو کپتان مقرر کیا ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے اپنے اسٹار کھلاڑیوں کے لئے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کو لازمی قرار دیا ہے۔ کے سی سی اے کے سیکرٹری پروفیسر اعجاز فاروقی نے تصدیق کی کہ شاہد آفریدی ٹورنامنٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے ان کی جگہ فاسٹ بولر محمد سمیع کو کراچی ڈولفنز کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی کے علاوہ عبدالرزاق، سعید اجمل، وہاب ریاض، انور علی، رانا نوید الحسن، اظہر محمود اور یاسر عرفات انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں اور پاکستان کے اہم اور مقبول ٹورنامنٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ پی سی بی کے ترجمان نے جنگ کو بتایا کہ پیر کو ٹورنامنٹ کے لئے8 ٹیموں کا اعلان ہو رہا ہے۔ ٹیمیں ریجن نے تشکیل دی ہیں اس کا اعلان بورڈ کرے گا۔ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کون کون سے کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔
Comments
Post a Comment